• news

نئی دہلی، اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکہ، عملہ محفوظ رہا  

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا ہوا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی فائر سروس کو نامعلوم شخص نے اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکے کی اطلاع دی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ اور سکیورٹی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے نئی دہلی کے سفارت خانے کے قریب دھماکے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان اسرائیلی سفارت خانہ کے مطابق دھماکا 5 بج کر 20 منٹ پر ہوا، واقعہ میں سفارتی عملے کے ارکان محفوظ ہیں۔ دہلی پولیس نے حساس علاقے میں ہونے والے دھماکے کے بعد سفارت خانے کا محاصرہ کر لیا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ پورا علاقہ گونج اٹھا تھا۔ آس پاس کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔بھارت کے شہر ممبئی میں تین بڑے بینکوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہیں، ای میل میں شہر کے 11 مقامات پر بم نصب کرنے کا بھی بتایا۔ دھمکی دینے والے نے ای میل میں قومی مالی معاملات میں گھپلے بازی پر بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتھارامن سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا ۔ پولیس کے مطابق مذکورہ بالا ای میل ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر کو ان کی ای میل آئی ڈی سے تقریباً صبح 10بجکر 50 منٹ سے دوپہر ایک بجکر 30 منٹ کے دوران بھیجی گئیں۔ای میل میں تحریر تھا ہم نے 11 بم ممبئی کے ساتھ نجی شعبے کے بینکوں میں مختلف جگہوں پر نصب کیے ہیں، ان بینکوں نے بھارتی تاریخ کی سب بڑی جعل سازی کی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ یہ اطلاع افواہ پر مبنی تھی تاہم پولیس نے اس حوالے سے کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔بھارتی پولیس نے تلاشی کے بعد تمام 11 مقامات کو کلیئر قرار دے دیا۔

ای پیپر-دی نیشن