• news

سٹاک مارکیٹ: ریکارڈ مندا، 3 کھرب 38 ارب کا خسارہ، چھوٹے سرمایہ کار ڈوب گئے

کراچی (کامرس رپورٹر) سٹاک مارکیٹ میں تاریخ کی سب سے بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز مارکیٹ میں اڑھائی ہزار سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ ہوئی۔ بھاری مندی کی وجہ سے چھوٹے سرمایہ کار دیوالیہ ہوگئے۔ تین دن کی چھٹی کے بعد بھی مندی کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج 61 ہزار پوائنٹس کے بعد 60 ہزارکی حد بھی گنوا بیٹھی۔ 100 انڈیکس 2535 پوائنٹس گر کر 59170 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں 4.1 فیصد کاروبار میں کمی ہوئی۔ ماہر سٹاک ظفر موتی والا نے کہا کہ رول اوور ویک ہے، اس کے علاوہ بینکوں کی کلوزنگ اور فارن مینجرز کی جانب سے چھٹیوں کی وجہ سے خریداری بند ہے۔ تاہم ظفر موتی والا نے سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کو سیاسی عدم استحکام سے بھی جوڑ دیا۔ ماہرین سٹاک کا کہنا ہے کہ آئندہ سال جنوری میں سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل دوبارہ قائم ہوسکے گا۔ منگل کو ایک موقع پر انڈیکس59026 پوائنٹس کی نچلی سطح تک چلا گیا۔ 3کھرب 38ارب روپے سے زائد کا خسارہ ہوا۔ کے ایس ای 100انڈیکس میں 2534.12 پوائنٹس کی کمی سے 59170.98 پوائنٹس رہ گیا۔ اسی طرح 836.94 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس  19724.89 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1563.22پوائنٹس کم ہوکر 39718.77 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 4698.57 پوائنٹس کے خسارے سے 98924.09 پوائنٹس پر بند ہوا۔ بدترین کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 3کھرب 38ارب 20لاکھ 81لاکھ 13ہزار 288 روپے گھٹ کر 86کھرب 8ارب 99کروڑ 47 لاکھ 51ہزار 288روپے رہ گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو 17 ارب روپے مالیت کے 67 کروڑ 8لاکھ 59ہزار 618 حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 369کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 43کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 315 میں کمی اور 11کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر سستا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 16 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر 282.53روپے سے گھٹ کر 282.37روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 30پیسے کی کمی سے 283.70روپے رہی۔ جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا تین سو روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ایک تولہ سونا دو لاکھ انیس ہزار چھ سو روپے کا ہو گیا۔ جبکہ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 258 روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت لاکھ لاکھ 88 ہزار 272 روپے پر آگئی تاہم عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 2072 ڈالر پر مستحکم رہا۔ اس کے علاوہ فی تولہ چاندی کے بھائو 2650 روپے پر برقرار رہے۔

ای پیپر-دی نیشن