عدالت کا حکم ہے اشتہاری کاغذات نامزدگی جمع نہیںکرا سکتے: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ محسن نقوی امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ کی سائیٹ پر پہنچ گئے اور فلائی اوور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے امامیہ کالونی پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 15جنوری تک امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ کھولنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ کی تکمیل کے بارے میں وزیراعظم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ فلائی اوور مکمل ہوتے ہی وزیراعظم سے افتتاح کروائیں گے۔ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ اور شاہدرہ فلائی اوور کے ساتھ ملکر کوریڈور بن جائے گا۔ دھند کی وجہ سے سیالکوٹ اور ایم ٹو موٹروے کی ٹریفک بند ہے جس کی وجہ سے اس ایریا میں رش ہے۔ یہ پرانا راستہ ہے اسے اپ گریڈ کر کے پبلک کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ دھند کی وجہ سے اس علاقے میں ٹریفک کا دباؤ ہے جس کی وجہ سے کام سست روی کا شکار ہے۔ بند روڈ ایک بڑا پراجیکٹ ہے، 31جنوری کو مکمل ہوجائے گا۔ ٹیم کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے منصوبے قبل از وقت مکمل ہورہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عدالت نے آرڈر جاری کیا ہے کہ اشتہاری ملزم کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرا سکتے۔ قائد ڈے اور کرسمس کی چھٹی کی وجہ سے تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن میں تھوڑی نرمی ہوئی، آج سے کریک ڈاؤن تیز ہوجائے گا۔ جلد لاہور میں تجاوزات میں کمی واضح کمی نظر آئے گی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کی تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ دئیے جلانے کے لیے علیحدہ جگہ مخصوص کی جائے اور مزار کے مرکزی حصے میں خوبصورت لائٹس لگائی جائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کے لئے دعا کی۔ مزار بی بی پاکدامن کا 97 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ 31 دسمبر سے پہلے زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا۔ دوسری جانب لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا مجموعی طور پر 60 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری 31جنوری تک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ محسن نقوی کی زیرصدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس میں منصوبے کے امور سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ منصوبے کو اعلی معیار کے ساتھ آگے بڑھایا جارہا ہے۔ ایس ایل تھری،گوجرانوالہ ایکسپریس وے اور بند رورڈ پراجیکٹس بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ تمام متعلقہ افراد پراجیکٹس کی لگاتار مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ سب سے بڑی رکاوٹ موسم ہے۔ پراجیکٹس کی تکمیل میں جتنے بھی مسائل آئے حل کریں گے لیکن پراجیکٹ کی لاگت بڑھنے نہیں دیں گے۔ یقین رکھیں، شفاف اور آزادانہ الیکشن کرائیں گے۔ اگر الیکشن کے حوالے سے کوئی ایشو سامنے آیا تو حل کے لئے الیکشن کمیشن سے پہلے ہم ایکشن لیں گے۔ مصنوعی بارش برسانے کے لئے ساز گار بادل درکار ہیں۔ سموگ کے تدارک کیلئے جو بھی انسانی بس میں ہوا کریں گے۔سموگ میں کمی کیلئے مصنوعی بارش کے بعد محسن نقوی کا ایک اور اہم اقدام۔ وزیراعلی کی ذاتی کاوشوں سے چین کے ماہرین ماحولیات کی خصوصی ٹیم اگلے ہفتے لاہور آئے گی۔ محسن نقوی نے سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس سموگ بڑھنے کی وجوہات کی مستند ریسرچ ہی نہیں۔ ہم صرف سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے سموگ پر قابو نہیں پا سکتے۔ محسن نقوی نے غیرمعیاری پٹرول و ڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ غیرمعیاری پٹرول و ڈیزل فروخت کرنے والوں کے لئے بلاامتیاز کارروائی کرے۔ وزیراعلی نے کہا کہ سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کی بجائے سڑکوں سے مٹی کو مکمل طور پر صاف کیا جائے۔