یمنی حوثیوں کا بحیرہ احمر میں امریکہ کے بحری جہاز پر حملہ، سعودیہ سے پاکستان آرہا تھا
سعودی عرب (نوائے وقت رپورٹ) یمنی حوثیوں نے بحیرہ احمر میں امریکا کے بحری جہاز پر حملہ کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمنی حوثیوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں بحری جہاز پر میزائل حملے کیے جبکہ اسرائیل کی جانب ڈرون حملے بھی کیے گئے۔ اپنے بیان میں یمنی حوثیوں نے یہ بھی کہا کہ بحیرہ احمر میں ٹارگٹ کیا گیا بحری جہاز امریکا کا تھا جس کی شناخت ایم ایس سی یونائیٹڈ کے طور پر کی گئی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی جنوبی اسرائیل میں متعدد فوجی اہداف کو بھی ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ بحری جہاز سعودی عرب کی کنگ عبداللہ بندرگاہ سے روانہ ہو کر کراچی جا رہا تھا۔ یمنی حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیل اور اسرائیل سے منسلک جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ غزہ کی پٹی میں جارحیت کو روکنے کے لیے زور دیا جا سکے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے مختلف حصوں میں ایک فوجی آپریشن کیا گیا ہے، مگر یہ نہیں بتایا کہ وہ کس حد تک کامیاب ہوا۔