• news

 جتنی بجلی کم استعمال ہوگی، اتنی قیمت بڑھے گی: ممبر نیپرا 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیپرا نے نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔ نیپرا ڈیٹا کے مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ بجلی صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ دوران سماعت این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیاں اپنے مرمتی کاموں کے باعث لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں۔ اس وقت صرف فرنس آئل والے پلانٹس سے بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ریفرنس کے مقابلے میں بجلی کی طلب کم ہو تو قیمت بڑھ جاتی ہے، گروتھ میں 13 فیصد کمی سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ بڑھے گی۔ ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ پلانٹس کی بندش کے حوالے سے ہم کوئی منصوبہ بندی نہیں کر سکتے۔ ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا نے کہا کہ جتنا بجلی کا استعمال کم ہو گا اتنی ہی قیمت بڑھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن