• news

پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کا تعینات کردہ ریٹرننگ افسر معطل کر دیا

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمشن کی جانب سے تعینات کیے گئے ریٹرننگ افسر کو معطل کردیا۔ حلقہ پی کے 91  کوہاٹ کے ریٹرننگ آفیسر کے تقرر کے خلاف درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس فضل سبحان نے کی۔ جس میں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حلقہ پی کے 91 کوہاٹ 2 کے ریٹرننگ آفیسر عثمان اشرف ہیں اور ان کی جگہ اب عرفان مروت کو تعینات کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے خود پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد کی ہے۔ عثمان اشرف ریٹرننگ آفیسر ہے، ان کی جگہ دوسرے ریٹرننگ آفیسر کو لایا گیا۔ عدالت نے عرفان مروت کی بطور ریٹرننگ آفیسر پی کے 91 تعیناتی کا اعلامیہ معطل کردیا۔ دریں اثناء الیکشن کمشن نے خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 91 کے ریٹرننگ افسر (آر او) کی معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ الیکشن کمشن کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر کی معطلی کے بعد پی کے 91 بغیر آر او کے ہے۔ عدالتی التواء کے حالات میں الیکشن کمشن کے لئے انتخابات کا انعقاد مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن