• news

انتخابات میں کسی دشواری کا سامنا نہیں، نتائج کا خود مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا: الیکشن کمشن

اسلام آباد(وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ )الیکشن کمیشن کا تمام آپریشنل اور آئی ٹی  نظام تسلی بخش انداز سے کام کر رہا ہے اور کمیشن کو عام انتخابات 2024 کے انعقاد کیلئے جاری مراحل میں کسی قسم کی رکاوٹ اور دشواری کا سامنا نہیں ہے۔ کمیشن نے ایک خود کار اور جدید الیکشن منیجمنٹ سسٹم تیار کیا ہے  جسے پریذائڈنگ افسران سے ریٹرننگ افسران تک انتخابی نتائج کی ترسیل اور مرتب کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور اس خود کارنظام کی متعدد  دفعہ ٹیسٹنگ بھی ہو چکی ہے۔ ای ایم ایس(EMS) سسٹم میں ریٹرننگ آفیسروں کی معاونت کیلئے کچھ اضافی فنکشن بھی شامل کیئے گئے ہیں تاکہ انتخابات کے ابتدائی مراحل کے دوران بھی ڈیٹا کو آئندہ استعمال کیلئے محفوظ کیا جاسکے ۔ تاہم دور دراز علاقہ جات جہاں انٹرنیٹ  دستیابی کے مسائل سامنے آئے، وہاں پر ریٹرننگ افسران کو ڈیٹا الیکشن کمشنر کو بھجوانے میں کچھ سرسری دشواریاں پیش آئی ہیں۔ اس سسٹم کا استعما ل صرف پولنگ ڈے کے دن ہوگا ، فی الوقت یہ کہنا کہ ای ایم ایس ناکام ہوگیا ہے جبکہ اسے ابھی آپریشنلائز نہیں کیا گیا، من گھڑت اورغیر سنجیدہ ہے۔ ای ایم ایس سے انتخابی نتائج کی ترسیل اورٹیبولیشن کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں ۔ دوسری طرف الیکشن ایکٹ 2017ء کی سیکشن 79 اور الیکشن رولز 2017کے رول 45 میں انتخابی فہرستوں کے حصول کا باقاعدہ طریقہ کار دیا گیا ہے ۔ان رولز کے تحت حتمی انتخابی فہرستوں کی سافٹ و ہارڈ کاپی حاصل کرنے کے لئے مکمل تفصیل موجود ہے ۔ کوئی شخص انتخابی فہرستوں کی حسب ضابطہ کاپیاں حاصل کر سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کر دیا۔ جس میں عام انتخابات 2024ء کے لیے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔ تمام میڈیا نمائندگان ایکریڈیشن کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔مقامی این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی ایکریڈیشن کارڈ بنوا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن