• news

چھوٹے سرکاری ملازموں کیلئے 245 گھر تیار، 15 جنوری کو دیئے جائیں گے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں صفائی کے ناقص انتظامات تھے، غلیظ ترین واش رومز اور گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔ ہسپتال میں موجود مریضوں اور لواحقین نے آپریشن کرانے کے لئے پیسے لینے کی شکایات کیں۔ ایک خاتون مریضہ نے ادویات باہر سے منگوانے کے حوالے سے بھی شکایت کی۔ محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ہسپتال کو آخری وارننگ دی اور کہا کہ ہسپتال کے امور کو فی الفور درست کیا جائے۔ آخری وارننگ دے رہا ہوں، جلد دوبارہ وزٹ کروں گا، حالت زار درست نہ ہوئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن کے لئے پیسے لینے کے واقعہ کی وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم سے انکوائری کا حکم دیا اور سی ایم آئی ٹی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی۔ سی ایم آئی ٹی آج شام تک انکوائری رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مریض سے لیے گئے پیسے واپس کرنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب نگران پنجاب حکومت نے تعطل کا شکار ایک فلاحی منصوبہ مکمل کر لیا ہے۔ رائیونڈ میں کم قیمت ہاؤسنگ سکیم کے تحت 245گھر تیار۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر 245 گھر 15 جنوری کو چھوٹے سرکاری ملازمین کو دئیے جائیں گے۔ محسن نقوی نے رکھ پاجی، رائیونڈ میں کم قیمت ہاؤسنگ سکیم کے تحت تعمیر شدہ گھروں کا دورہ کیا۔ جبکہ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کے دورہ کے دوران اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت ہسپتال میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایک مزدور سے پوچھا کہ چھٹی کب ہوتی ہے۔ مزدور نے بتایا کہ 2بجے رات۔ وزیراعلیٰ نے مزدور کو شاباش دی۔ قبل ازیں محسن نقوی سے وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، میڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل اور صحافی برادری کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے فتح ٹو میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ فتح ٹو میزائل سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن