• news

میلبورن ٹیسٹ، آسٹریلیا 318 پر آؤٹ، پاکستان کے 6 وکٹوں پر 194رنز

لاہور(سپورٹس رپورٹر)میلبورن ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 194رنز بنا لئے ۔پاکستان کیخلاف دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا کے 3وکٹوں کے نقصان پر 187رنز تھے۔ مارنوس لابوشین اور ٹریوس ہیڈ نے بیٹنگ شروع کی اور ٹریوس ہیڈ نے 204کے مجموعی سکور پر17رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوئے، مارنوس لابوشین 63رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔، مچل مارش اور ایلکس کیری نے 4،4، مچل سٹارک نے 9، پیٹ کمنز نے 13اور لیتھن لائن نے 8رنز بنائے۔میزبان ٹیم 318رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔ عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ نے 2، 2جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا ۔ امام الحق 10رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ٹیم کا مجموعی سکور 124رنز پر پہنچایا ۔ عبد اللہ شفیق 62رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ان کو ہی کیچ تھما دیا۔بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ شان مسعود 54رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ سعود شکیل 9رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔سلمان علی آغا 5رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ ہوئے۔دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6وکٹوں کے نقصان پر 194رنز بنا لئے تھے، محمد رضوان 29اور عامر جمال 2رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔پیٹ کمنز نے تین ‘نیتھن لائن نے دو اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔آسٹریلیا کو سکور برابرکرنے کیلئے مزید 124رنز درکار جبکہ 4وکٹیں باقی ہیں ۔  

ای پیپر-دی نیشن