ایمل ولی کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
پشاور (بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپی کے کے صدر ایمل ولی خان کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ توہین عدالت کی درخواست پاکستان تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی فضل محمد خان نے بیرسٹر سروس شاہ کی وساطت سے دائرکی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایمل ولی خان ایک سیاسی جماعت کے صوبائی صدر ہیں، انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کیخلاف غیر شائستہ الفاظ کا استعمال کیا۔ ایمل ولی نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ ’ایکس‘ پر بھی چیف جسٹس پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں۔ درخواست کے مطابق ایمل ولی خان نے نہ صرف الزامات لگائے بلکہ انہوں نے چیف جسٹس کو دھمکی دی اور عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔