شیخوپورہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں مریض بیڈ، ادویات نہ ملنے پر سردی سے مر گیا، لواحقین کا احتجاج
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ایک مریض منظور احمد ادویات اور بیڈ نہ ملنے کے باعث تمام رات سخت سردی میں سٹریچر پر پڑا رہا اور انتقال کر گیا۔ منظور نامی شخص جو کہ مقامی آبادی فیروز وٹواں کا رہائشی تھا، اس کے لواحقین گزشتہ روز اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں لے کرآئے جہاں ڈاکٹروں نے ایک انجکشن لگا کر اسے سٹریچر پر ڈال کر میڈیکل وارڈ میں بھجوادیا۔ مریض تمام رات سخت سردی میں تڑپتا رہا۔ بعد ازاں ہسپتال کے سکیورٹی گارڈ نے 200 روپے لیکر اسے بیڈ دیا۔ نرسوں نے اگلے روز مریض کے لواحقین کو کچھ دوائیاں لکھ کر دیں کہ بازار سے لے کر آئے جب وہ ادویات لینے بازار گئے تو اس دوران مریض انتقال کر گیا، جس پر مریض کے لواحقین سراپا احتجا ج بن گئے۔ انہو ں نے مریض کی موت کے قاتل قرار دے کر ڈاکٹر اور انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے، واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروا کر ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔