بھارت کے ساتھ مشترکہ فوجی سازو سامان کی تیاری کے قریب ہیں: روسی وزیر خارجہ
ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ماسکو میں اپنے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا ہے کہ روس اور بھارت نے مشترکہ طور پر فوجی سازوسامان تیار کرنے کے منصوبوں پر بات چیت میں واضح پیش رفت کی ہے۔ سرگئی لاروف نے کہا کہ یہ تعاون تزویراتی نوعیت کا ہے اور یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے اور اس سے یوریشیائی خطے میں سلامتی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ماسکو، اپنے فوجی ہارڈویئر سپلائرز کو متنوع بنانے کی بھارت کی خواہش کا احترام کرتا ہے اور بھارت میں بھارت کو درکار چیزیں تیار کرنے کی نئی دہلی کی خواہش کی حمایت کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بعد میں جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ سبرامنیم جے شنکر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ولادیمیر پیوٹن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اگلے سال ملاقات کریں گے۔ جے شنکر نے کہا کہ انہوں نے اور سرگئی لاروف نے یوکرائن اور غزہ کے تنازعات کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی۔