• news

الیکشن کمشن نے وفاقی وزیر فواد حسن کو ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی 

اسلام آباد (وقائغ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمشن نے نگران کابینہ سے جانب دار وزراء کو ہٹانے کے معاملے پر وزیر نجکاری فواد حسن فواد کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمشن نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فواد حسن نجکاری کے وزیر ہیں وہ الیکشن عمل پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔ الیکشن کمشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ فواد حسن فواد ماضی میں اہم پوزیشن پر کام کرتے رہے ہیں۔ ان کے خلاف درخواست ذاتی رنجش معلوم ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمشن کے حکم پر نگران وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن