کوہاٹ: الیکشن کمشن نے آر او معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پی کے 91 کوہاٹ میں ریٹرننگ افسر کو معطل کرنے کا معاملہ پرالیکشن کمشن نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ الیکشن کمشن نے موقف اختیار کیا ہمیں سنے بغیر پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا۔ کیس آج جمعہ کے روز ہی سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ ایسے وقت میں جب امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی جاری ہے، پشاور ہائیکورٹ کا ایسا فیصلہ کرنا انتخابات کو ڈی ریل کرنے کے مترادف ہے۔ کوئی امیدوار یہ نہیں کہہ سکتا میرے کاغذات کی سکروٹنی فلاں آر او کرے۔ الیکشن کمشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل ایڈووکیٹ عفنان کریم کنڈی کے ذریعے دائر کی۔ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مداخلت کی، ہائیکورٹ کو الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کر کے سنے بغیر ایسا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔