مقبوضہ کشمیر: تلاشی کارروائیاں، نوجوان گرفتار، عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف مکمل ہڑتال
سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ ضلع بارہمولہ میں بھارتی فوجیوں نے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ سرنگری میں قابض فوج نے باروردی سرنگ ناکارہ بنا کر تخریب کاری کا ایک منصوبہ ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے، جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ ضلع کے علاقے کٹرہ میں تریکوٹہ پہاڑیوں پرویشنو دیوی کے مندر جانے والے یاتریوں کے لئے بیس کیمپ کے قیام کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں حکام نے ان تین عام شہریوں کی مبینہ ہلاکت کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں فوج نے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا تھا اور زودوکوب کرنے کی وجہ سے وہ شہید ہوگئے۔ پولیس نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد ان نو افراد کے گروپ میں شامل تھے، جنہیں پونچھ کے علاقے سے بھارتی فوج نے حراست میں لیا تھا۔ جبکہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے کنوینئر اور سینئر حریت رہنماء غلام محمد صفی نے مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسیر چیئرمین مسرت عالم بٹ کی سربراہی میں مسلم لیگ پر بھارتی حکومت کی جانب سے عائد پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی حامی تنظیموں پر پابندی اور لوگوں کی جائیداد ضبط کرنے سے تحریک آزادی کشمیر ختم نہیں ہوگی نہ ہی کشمیری اپنے بنیادی حق خودارادیت کے مطالبے سے دستبردار ہونگے۔