• news

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، وزیراعظم نے سال نو تقریبات پر پابندی لگا دی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے قوم کے نام خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑدیئے گئے ، غزہ کیلئے امداد کی تیسری کھیپ روانہ کی جارہی ہے، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سال نو پر تقریبات نہیں ہوں گی ،پوری قوم فلسطینیوں  کیساتھ یکجہتی کیلئے کھڑی  ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد میں پولیو سے متعلق قومی علماء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ پولیو کی جنگ ہم سب کی جنگ ہے ،میری ذاتی نہیں، جب کوئی بچہ پولیو سے متاثر ہوتا ہے تو مجھے حیا آتی ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں پولیو کے قطرے پلانا غیر شرعی ہے وہ بدبخت ہیں، معاشرے میں فتنے اور انتشار کی کیفیت آگئی ہے، وقت کے فتنے کے سامنے کھڑا ہونا ہی بقا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آنے والی نسل کا حق ہے کہ وہ صحت مند زندگی گزاریں، پولیو کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، غیر ذمہ دار گفتگو ہمیں روکنی چاہیے، سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنے کی ہم میں اخلاقی جرات ہونی چاہیے۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام کی اپنی ایک شناخت ہے، قرآن و حدیث ہماری بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان لڑائی کو دعوت نہیں دیتا لیکن لڑنے سے گھبراتا بھی نہیں، غزہ میں 9 ہزار معصوم بچے شہید ہوگئے ہم ان کی زندگیاں نہیں بچا پائے، غزہ میں بھیڑیا دندناتا پھر رہا ہے، وہ بھیڑیا دنیا میں قابل احترام بن کر پھر رہا ہے، بچوں کا قاتل کیسے قابل احترام ہو سکتا ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ نہ ہم متعصب ہیں نہ کسی مذہب سے نفرت کرتے ہیں، ہم انصاف کی صدا ضرور بلند کرتے رہیں گے، قرآن کی نظر میں دو ہی قومیں ہیں ایک ظالم دوسرا مظلوم، قرآن ہمیں باخبر کرتا ہے کہ خبر کی تحقیق کیا کرو، ہم سب قیدی ہیں ،ہم میں سے کوئی آزاد نہیں، مومن آزاد نہیں پابند ہوتا ہے، میں بھی پابند ہوں۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھر کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ نگران وزیراعظم تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے، بلندی درجات کی دعا کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان کے لیے  ریاض کھوکھر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،اس موقع پر نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے علماء کرام پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان کو پولیو سے پاک قوم بنانے کے مقصد کے حصول کے لئے عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں،  علماء کرام کے اتفاق سے ہی عوام میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا ہوگا۔ علماء کرام ایسے عناصر کے خلاف کھڑے ہوں، بغیر تحقیق کے پولیو قطروں کے حوالے سے جھوٹ نہ پھیلایا جائے۔ علماء کرام ایسے لوگوں کا محاسبہ کریں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ نئے سال کا سورج ہمارے وطن پاکستان اور پوری دنیا کے لیے خوشحالی اور امن و آشتی کا پیغام لیے طلوع ہو۔اسرائیلی خون ریزی روکنے کے لیے پاکستان نے دنیا کے ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے اور ہمیشہ اٹھاتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن