مہنگائی کے ستائے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں:جاوید قصوری
لاہور( خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومت نے گزشتہ 5 برسوں میں عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے۔ مہنگائی کے ستائے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔13جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے اپنے سولہ ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 22فیصد تک اضافہ کیا ہے۔ قوم جب ان لوگوں کو ووٹ دینے کا ارادہ کرے توان کی کارکردگی کو بھی مد نظر رکھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقے میں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر و سیکرٹری الیکشن سیل جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ سب سے پہلے انقلابی منشور پیش کیا۔ دوسری پارٹیاں اب جماعت اسلامی کے منشور کو نقل کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر ہر غریب خاندان کو سالانہ 2 لاکھ روپیہ امداد دے گی۔ تعلیم اور علاج مفت ہو گا۔ جی ایس ٹی 5 فیصد سے زائد نہیں ہو گا، سرکاری افسران کی مفت، بجلی اور پٹرول کی مراعات ختم کریں گے۔ کسانوں کو بلاسود قرض دیا جائے گا اور بجلی کی قیمتوں میں 20فیصد کمی کریں گے۔ اقتدار میں آ کر منشور پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔