موسمی خطرات سے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی اشد ضرورت،ماہرین
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )بڑھتے ہوئے موسمی خطرات سے ممکنہ تحفظ کے لئے مفاہمت ، موافقت پر عمل پیرا ہوکر جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ موسمیاتی بحرانوں سے تحفظ مشترکہ اور سنجیدہ جدوجہد سے ممکن ہے۔ اس امر کا اظہار گذشتہ روز پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی ( ایس ڈی پی آئی) اور آئی سی آئی موڈ (ICIMOD) ،پہاڑی سلسلوں کی ترقی کے عالمی مرکز کے اشتراک سے ’’ پاکستان میں موافقت، دور اندیشی اور مستقبل کی سوچ‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس کے دوران ملکی و غیر ملکی ماہرین نے کیا۔ اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیو ں کے خطرات سے تحفظ کے حوالے سے مطابقت رکھنے والے منصوبہ جات اور پالیسیوں کو یکجا کر کے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹنشن ، سوشل سائنسز، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر بابر شہباز نے مشاورتی اجلاس سے تعارفی کلمات میں کہ پاکستان کے مخصوص علاقوں میں موسمیاتی مسائل کے حوالے سے ماہرین سے مشاورتی عمل کے لئے فورم کی بنیاد رکھی ہے تا کہ بین الاقوامی ماہرین سے جامع حکمت عملی اور مسائل کے حل کی طرف بڑھا جاسکے۔ یہ ضروری ہے کہ موسمیاتی آفات سے تحفظ کے لئے پیشگی اقدامات اور آگاہی حاصل کی جاسکے مشاورتی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزارت موسمیاتی تبدیلی حکومت پاکستان کے سینئیر اہلکار محمد فاروق نے حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔