مسیحی قائدین وفد کا دورہ نوائے وقت، دی نیشن، چیف آپریٹنگ آفیسر سے ملاقات
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) پاکستان میں نیشنل کونسل آف چرچز کے صدر و پاکستان کے بشپ چرچ کے صدر و موڈریٹر ڈاکٹر آزاد مارشل کی قیادت میں مسیحی قائدین کے وفد نے نوائے وقت و دی نیشن دفاتر کے دورہ پر چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت گروپ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری سے ملاقات کی اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ وفد میں نفاذ اقلیت حقوق کمیشن کے صدر سیموئل پیارا، موڈریٹر و پریذیڈنٹ بشپ کے سینئر چیپلن ریوڈ شہزاد گل اور آئی ایم آر ایف کے ایگزیکٹو ممبر ایمانویل پرویز اور نوائے وقت گروپ کے سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو بھی موجود تھے۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ مسیحی بھائی پاکستان کے استحکام و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ ڈاکٹر آزاد گل نے پرتپاک استقبال پر کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں نوائے وقت و دی نیشن کا بڑا کردار ہے۔