عدم ادائیگی پر پنجاب ایجوکیشن کمپلیکس ہال روڈ کی بجلی منقطع،سائلین خوار
لاہور ( این این آئی) بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث پنجاب ایجوکیشن کمپلیکس ہال روڈ میں بجلی کاٹ دی گئی،ڈائریکٹر کالجز، ڈی پی آئی ایلمنٹری، ڈائریکٹر کمیونٹی سکولز اور ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے دفاتر میں لائٹ بندہونے سے کام ٹھپ ،سائلین خوار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کالجز، ڈی پی آئی ایلمنٹری اور ڈائریکٹر کمیونٹی سکولز اور ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے دفاتر میں لائٹ بند ہو گئی۔بجلی کی بندش سے دفتری کام ٹھپ ہے جبکہ سائلین خوار ہونے پر مجبور ہیں۔بجلی نہ ہونے کے باعث چاروں ڈیپارٹمنٹس میں کام ٹھپ پڑا رہا۔ذرائع کے مطابق ایجوکیشن کمپلیکس کے ذمہ 24 لاکھ سے زائد کا بل واجب الادا ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اے جی آفس کی جانب بجلی کی مد میں فنڈز جاری نہیں کررہا جس کے باعث انہیں بلز کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔