• news

شدید دھند، گاڑیاں ٹکراتی رہیں، 100سے زائد افراد زخمی، پروازیں منسوخ، موٹرویز بند

  لاہور+چنیوٹ+سیالکوٹ+فیروزوالہ  (این این آئی  + نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب میں شدید دھند کا راج برقرار ہے۔ کسی جگہ پر حد نگاہ صفر تو کہیں انتہائی کم ہے۔ دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ موٹروے ایم 2لاہور سے شیخوپورہ، موٹروے ایم 3 کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور فیصل آباد، ایم فائیو پر شیر شاہ سے اوچ شریف اور لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔ لاہور میں دھند کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہو گیا۔ متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور متعدد کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا کہ لاہور، ملتان اور سیالکوٹ سے آپریٹ ہونے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دھند کے باعث لاہور، ملتان اور سیالکوٹ کی پروازیں منسوخ، تبدیل یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں۔ مذکورہ شہروں میں دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو جاتا ہے۔ ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی کہ ایئرپورٹ کیلئے نکلنے سے قبل اپنی پرواز کے بارے میں معلومات پی آئی اے کال سنٹر سے حاصل کریں۔ دھند کی وجہ سے گاڑیاں ٹکرانے اور دوسرے حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 42 افراد زخمی ہو گئے۔ جہلم میں جی ٹی روڈ پر چونگی نمبر پانچ کے قریب دھند کی وجہ سے 10 گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں 30 مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے باعث جی ٹی روڈ بھی بند کر دی گئی۔ شیخوپورہ میں ہرن مینار کے قریب شدید دھند کے باعث مسافر وین الٹ گئی۔ حادثے میں 4 خواتین سمیت 12 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ٹریفک حادثات میں پانچ خواتین سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے۔فیروزوالہ سے  نامہ نگار کے مطابق  تھانہ صدر  کے قریب ٹیوٹا ہائی ایس سڑک سے اتر کر الٹ گئی، حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔ حادثہ میں ٹیوٹا پر سوار 12 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو  عملے نے زخمی ہونیوالے افراد میں ممتاز، ارشد، ریاض، شہباز، سبحان، شہزاد، یاسمین شہزاد، سہیل، شہزادی زوجہ سہیل، عظمیٰ کاشف، آمنہ اعجاز اور اذان کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن