سی ڈی اے میں کرپشن کا بازار گرم، ہر کوئی ممبر بننا چاہتا ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے ملازم کی کرپشن کیس میں ضمانت کی درخواست پر چیئرمین سی ڈی اے کو طلب کرلیا جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے ہیںکہ سی ڈی اے میں کرپشن کا بازار گرم ہے اگر کوئی ایماندار چیئرمین ہوتا تو کرپشن پر نظر بھی رکھتا۔ک یپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کے ملازم کی کرپشن کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سی ڈی اے میں کرپشن کا بازار گرم ہے ہر شخص سی ڈی اے کا ممبر بننا چاہتا ہے ، بدقسمتی سے اسلام آباد میں پانچ سال سے چیئرمین سی ڈی اے کے دفتر کو چیف کمشنر کے دفتر کے ساتھ ضم کر دیا گیا جس کے نتیجے میں دونوں دفاتر میں کوئی کام نہیں ہو رہا اگر کوئی ایماندار چیئرمین سی ڈی اے ہوتا تو کرپٹ ملازمین پر نظر رکھتا۔عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ نگران حکومت پی ڈی ایم پی ٹی آئی حکومت سب اس کے ذمہ دار ہیں اور یہ ٹھیک نہیں ہو گا،عدالت نے آئندہ سماعت پر چیئرمین سی ڈی اے کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔