• news

کرپٹ مافیا سیاسی لباس پہن کر اقتدار پر قابض: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا سیاسی لباس پہن کر عرصہ دراز سے اقتدار پر قابض ہے۔ حکمران پارٹیاں خاندانوں کی جاگیریں، ٹکٹ تقسیم کرنے کا موقع آئے تو ان میں کارکن کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ بڑی پارٹیوں کے سربراہ قوم پر بیٹوں، بیٹیوں کی صورت میں نئے سیاسی برہمن مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ 8فروری ملک میں خاندانی سیاست کے خاتمے اور جمہور کی حکمرانی کا دن ہوگا۔ منصورہ میں جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو کی تقریب رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، ایک ہی قبیل کے لوگ ان پارٹیوں کا حصہ جو موسمی پرندوں کی طرح مقام بدلتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو تباہ اور اداروں کو کمزور کرنے میں حکمران اشرافیہ کا ہاتھ ہے۔  صرف جماعت اسلامی ہی قوم کو موجودہ فرسودہ نظام سے نجات دلا سکتی ہے۔ ہم نے انقلابی منشور دیا۔ حالیہ الیکشن میں قومی اسمبلی کے لیے 222اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 520امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں، قوم ترازو کا ساتھ دے۔ سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور نائب امیر لاہور ذکراللہ مجاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ بار بار اقتدار کے مزے لینے والی پارٹیاں مزید مواقع مانگ رہی ہیں۔  اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔ سامراجی قوتوں کی سرپرستی میں صہیونی ریاست نے غزہ پر ظلم کی تمام حدیں پار کر دیں۔ روزانہ سینکڑوں شہادتیں ہو رہی ہیں۔ لاشوں کی بے حرمتی اور اعضاء کاٹے جا رہے ہیں۔ مہاجرین کے خیموں پر بمباری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمران بیدار ہوں اور غزہ کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

ای پیپر-دی نیشن