پولیو کاخاتمہ کسی فرقے کانہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے:طاہراشرفی
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ کسی فرقے کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں، انسداد پولیو کیلئے علما کرام کی رہنمائی بھی درکار ہے، گزشتہ دنوں ایک عرب ملک نے پولیو کا سرٹیفکیٹ ساتھ لانے کا کہا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ میڈیا کا بھی فرض ہے کہ وہ پولیو کے بارے میں آگاہی فراہم کرے۔ دوسری جانب گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس سال حج کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کرنے کا کہہ دیا ہے، ڈالر نیچے آنے سے حج کے اخراجات ایک لاکھ روپے کم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ منفی پروپیگنڈا کر رہے تھے کہ حج کی درخواستیں نہیں آرہیں، تمام آرگنائزیشنز سے کہا ہے کہ اس سال حج کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کریں۔