• news

ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کو سہولت کاری کی کوشش جاری: جاوید لطیف   

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر اور نواز لیگ کے مرکزی نائب صدر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایک بار پھر بانی چیئرمین تحریک انصاف کو سہولت کاری کی کوشش کی جارہی ہے، ان کیخلاف انتقامی کارروائیاںنہیں بلکہ انہیںمظلوم بنانے کیلئے حالات پیدا کئے جارہے ہیں۔ ہم کوئی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی پاک وطن ایسی کسی سازش کا متحمل ہے۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث لوگ سیاسی کارکن نہیں بلکہ سیاسی دہشت گرد ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بناکر ملکی ترقی کے دوبارہ سفر کا آغا ز کریںگے۔ نواز شریف کے پاس بہترین ،محنتی ،تجربہ کار معاشی ٹیم موجود ہے جو انشاء اللہ مہنگائی کے طوفان میں کمی لانے کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کرے گی۔ پیپلزپارٹی کے نوجوان چیئرمین نواز لیگ کو ہدف تنقید بنانے کی بجائے سندھ کو بچانے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ حلقہ پی پی 142 کے امیدوار پیر سید سجاد حسین شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ میاں جاوید لطیف نے کہاکہ ہم تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت پر پابندی کے قائل نہ ہیں اور نہ ہی ہمیں ان کے انتخابی نشان ملنے یا کھو جانے کا فکر ہے۔ ماضی میں شیر کا نشان چھیننے پر نواز لیگ نے کوئی حکم امتناعی حاصل نہیں کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن