پولیس لائنز حملے کے تمام سہولت کار گرفتار کر لیے، آئی جی خیبر پی کے
پشاور(آئی این پی)آئی جی خیبر پختون خوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ پولیس لائنز حملے کے تمام سہولت کار گرفتار کر لیے،جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں آئی جی خیبر پختون خوا اختر حیات خان نے بتایا ہے کہ رواں سال پولیس پر 137دہشت گرد حملوں کو ناکام بنایا،ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 917دہشت گردوں کو گرفتار کیا، 300کو مارا گیا، مختلف واقعات میں 185پولیس اہلکار شہید جبکہ 400زخمی ہوئے،آئی جی خیبر پختون خوا اختر حیات خان نے بتایا کہ صوبے میں خواتین پولیس اسٹیشنز کی تعداد 2 سے بڑھا کر 4کر دی ہے، قبائلی اضلاع کی پولیس کو 11بکتر بند گاڑیاں فراہم کیں،انہوں نے بتایا کہ رواں سال 15خودکش حملوں میں 10افغان دہشت گرد ملوث تھے، بھتہ خوری میں استعمال کی جانے والی افغان موبائل سمز کو ٹریس کرنا مشکل ہے،آئی جی خیبر پختون خوا اختر حیات خان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال دہشت گردی کے تمام کیسز ٹریس کیے گئے،انہوں نے کہاکہ ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت میں پولیس اور انٹیلی جینس ایجنسیز نے مل کر کام کیا، اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز بنائے گئے ہیں۔