• news

 ایف آئی اے حکام کو منظور پشتین سے جیل میں تفتیش کا حکم 

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے منظور پشتین کے خلاف مقدمات کی تفصیلات اور ضمانت سے متعلق کیس میں ایف آئی اے حکام کو منظور پشتین سے جیل میں تفتیش کا حکم دیدیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران وکیل عطا اللہ کنڈی نے کہاکہ منظور پشتین کے شریک ملزمان کی ضمانت ہو چکی،ایف آئی اے انتظار کر رہی ہے کہ وہ رہا ہوں تو ان کو دوبارہ گرفتار کرے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ قانون یہ ہے کہ جب ایک بندہ پہلے ہی گرفتار ہو تو بس مقدمہ آگے چلائیں،یہ نہیں ہوتا کہ ملزم ایک مقدمے میں چھوٹ جائے تو اس کے باہر آنے کا انتظار کریں اور پھر گرفتار کریں،ایک کیس میں گرفتار شخص پر دوسرے کیس میں گرفتاری ڈال کر جیل میں تفتیش مکمل ہو سکتی ہے، ہائیکورٹ ایک کیس میں گرفتار شخص کے دوسرے مقدمے میں گرفتاری سے متعلق فیصلہ دے چکی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج نہیں ہوا تو وہ حتمی ہو گیا، وکیل نے کہاکہ منظور پشتین 7دسمبر سے گرفتار ہیں اور ضمانت ان کا حق ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ میں کیس کو نمٹا نہیں رہا، پولیس ایسے اقدام نہ کرے کہ کل کو حکومت بدلے اور انکوائری ہو تو ان کا کیرئیر تباہ ہو جائے،ایف آئی اے جیل میں تفتیش کرے ورنہ مقدمہ ختم کرنے کا آرڈر دیں گے، عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن