ننکانہ: پی ٹی آئی امیدوار، جہلم سے تجویز کنندہ گرفتار
ننکانہ صاحب+ جہلم (نامہ نگار+ این این آئی) ننکانہ صاحب سے پی ٹی آئی کے رہنما این اے 112 اور پی پی 135 سے امیدوار رانا جمیل حسن گڈ خان گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ 112 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 135 سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے امیدوار رانا جمیل حسن کو آج گرفتار کر لیا گیا ہے، وہ اپنے کاغذات نامزدگی کے سلسلہ میں آر او این اے 112 کے آفس میں آئے تھے جہاں ان کو مبینہ طور پر آفس کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم ان کی گرفتاری کی وجوہات سامنے نہ آ سکی ہیں اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا ہے کہ کس تھانہ کی پولیس نے انہیں گرفتار کیا ہے۔ این اے 60 جہلم میں سابق وفاقی وزیر چودھری شہباز کے کاغذات نامزدگی کے معاملے پر چودھری شہباز کے تجویز کنندہ چودھری شاہنواز کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق فیصل چودھری نے چودھری شاہنواز کی گرفتاری کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔