• news

بیریئر ہٹانے سے منع کرنے پر  ٹاؤن ہال ملازمین کا وارڈنز پر تشدد 

لاہور(نامہ نگار)استنبول چوک میں ٹریفک وارڈنز اور ٹاون ہال ملازمین کے درمیان لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔سی ٹی او لاہور نے ملزموں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا۔ مقدمہ اغوا ،کار سرکار میں مداخلت، سنگین نتائج کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں ٹریفک وارڈن کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے ٹریفک وارڈنز نے نامعلوم موٹر سائیکل سوار کو بیریئر ہٹانے سے منع کیا تو وہ طیش میں آگیا اور بیریئر کو ٹھڈے مارنا شروع کر دیئے بعد میں موٹر سائیکل سوار نے ٹاؤن ہال فون کر کے ساتھیوں کو بلا لیا۔15،20 ٹاون ہال ملازمین نے وارڈنز پر شدید تشدد کیااور وارڈن کو ٹاؤن ہال لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ٹریفک وارڈن سلیم کو حبس بے جا میں رکھا، نیم بے ہوشی کی حالت میں ملزم وارڈنز کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن