• news

سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے آئیڈیل دور حکمرانی کو آگے لیکر بڑھنے کی ضرورت ہے: عبدالخبیر آزاد  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیرالمومنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓکی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، حضرت ابوبکر صدیقؓ کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لائے، حضرت صدیق اکبرؓ وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے دین اسلام کیلئے اپنا تمام مال قربان کردیا، آپؓ نے اسلام قبول کر کے اشاعت دین کیلئے ایک عظیم کردار ادا کیا، آپؓ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے نہ مال کی نہ جان کی نہ اولاد کی پرواہ کی بلکہ اپنا سب کچھ پیغمبر عالم امام الانبیاء  حضرت محمد مصطفیؐ کے فرمان پر قربان کر دیا۔ آپؓ کا دور خلافت ایک آئیڈیل حکمرانی کا نمونہ تھا آج جس کو لیکر ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ آپؓ کے ہی دور خلافت میں بہت سے فتنوں کو ختم کیا گیا، آپؓ نے جھوٹے مدعی نبوت مسیلمہ کذاب کو واصل جہنم کیا۔ آپؓ کی سیرت طیبہ کا سب سے غالب پہلو حضور نبی کریمؐکے ساتھ عشق و محبت تھا۔ اسلام کیلئے آپ کی خدمات کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے تحفظ امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آرمی چیف جنرل حافظ سید عاصم منیر کا بیان پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے۔ وطن عزیز پاکستان کے تحفظ و دفاع کیلئے پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اقوم متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین و دیگر اسلامی ممالک فلسطین و غزہ میں اسرائیلی قتل عام، اسرائیلی دہشت گردی، ظلم و بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آج پوری امت مسلمہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ فلسطین و غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا فرض عین ہے۔ بعد ازنماز جمعہ فلسطین و غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی مدد وحفاظت کیلئے، ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کی حفاظت اور مقبوضہ کشمیرکی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن