پولیس اہلکار اسکے اہلخانہ کو بیماری کیخلاف جنگ میں اکیلا نہیں چھوڑا جائیگا:آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن کو فورس کی ہیلتھ ویلفیئر پر خرچ کیا جارہا ہے اور رواں سال کے دوران ہیلتھ ویلفیئر پر ریکارڈ رقم خرچ کی گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ نئے برس میں فورس کی ویلفیئر اخراجات پر پہلے سے زیادہ وسائل استعمال کئے جائیں گے اور کسی بھی طبی مسئلے سے دوچار پولیس اہلکار یا اس کے اہلخانہ کو بیماری کیخلاف جنگ میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے جاری فنڈز اجراء کی منظوری دیتے ہوئے کہا۔آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کو علاج معالجے کیلئے مزید 9 لاکھ روپے جاری کردئیے۔سی ٹی ڈی فیصل آباد کے اے ایس آئی نعیم اختر کو برین ٹیومر کے علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ حافظ آباد کے اے ایس آئی فخر اقبال کو پسلیوں اور دل کے علاج کیلئے 2 لاکھ روپے جاری کئے۔لاہور پولیس کے ریٹائرڈ سب انسپکٹر غضنفر احمد تبسم کو فریکچرڈ پاؤں کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ اوکاڑہ کے کانسٹیبل محمد عامر حسین کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ویلفیئر برانچ کو پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیاہے۔