• news

الیکشن کمشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کردی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلے کا انتخابی نشان بحال کرنے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلے پر مشاورت کے بعد قانونی ماہرین سے مشاورت کی جو مکمل ہوگئی۔ مشاورت مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کردی۔ درخواست الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن نے خصوصی دو رکنی بینچ بنا کر جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔ پشاور ہائی کورٹ نے 26 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی انٹر پارٹی انتخابات کالعدم اور انتخابی نشان بلے کے فیصلے کو معطل کیا تھا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری کرنے کے احکامات بھی دئیے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن