• news

تخریب کاری نا کام، کئی شہروں میں کالعدم تنظیموں کے 22 دہشتگرد گرفتار

لاہور (نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے22 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں اسامہ، مطیع اللہ، محمد ارشد، محمد رمضان، محمد حسنین، خانزادہ، عبدالرشید، عامر شہزاد، فیضان حیدر، شیزان حیدر، حکمت اللہ، محمد توقیر، حامد بشیر، غفران احمد، محمد پرویز، محمد سفیان، محمد بنیامین، محمد عبداللہ، ہاشم خان، حافظ محمد عمر شہزاد، عبدالرحمن اور امام شاہ شامل ہیں۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، بلوچ لبریشن آرمی، سپاہ صحابہ پاکستان، داعش، لشکر جھنگوی اور سپاہ محمد پاکستان سے ہے۔ مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور، بہاولپور، راولپنڈی، شیخوپورہ، فیصل آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، بہاولنگر اور سرگودھا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔ دھماکہ خیز مواد 10570 گرام، ایک ہینڈ گرنیڈ، آئی ای ڈی بم 2، ڈیٹونیٹرز 28، حفاظتی فیوز وائر 52 فٹ، پرائما کارڈ 5 فٹ، ایک پستول، ایک رائفل، گولیاں 7، ممنوعہ کتابیں 7، پمفلٹس 75، کالعدم تنظیم کے سٹیکرز 65، کالعدم تنظیم کا جھنڈا، رسید  بکس3، موبائل فون اور 71790روپے  نقدی برآمد کی ہے۔ دہشت گردوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ دہشتگردانہ کارروائی  میں اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف خوشاب'بھکر' گوجرانوالہ'فیصل آباد اور بہاولنگر میں 17 ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کے لیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن