امن و امان کا قیام برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنزلاہورسید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ وی آئی پیز اور وی وی آئی پیزکی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ امن و امان کا قیام برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ نفری کا آڈٹ کیا جائے، غیر موثرنفری کو کم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اہم اجلاس کے دوران کیا۔ ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی طارق عزیز،ڈی ایس پی سکیورٹی ون،ڈی ایس پی سکیورٹی ٹوودیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فلائنگ سکواڈمیں موجودہ نفری کی ڈپلائمنٹ وسہولیات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ فلائنگ سکواڈ کے افسران وجوان انتہائی اہم فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ امن و امان کا قیام یقینی بنانے کیلئے تمام تر لاجسٹک سپورٹ مہیاکی جائے گی۔ ڈیوٹی سے غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں۔ ڈیوٹی میں روٹیشن پالیسی پرعملدرآمد کروایا جائے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہورسید علی ناصر رضوی نے تھانہ پرانی انارکلی کا دورہ کیا۔ انہوں نے سپیشل انیشیٹو کے تحت تھانوں کی اَپ گریڈیشن کا جائزہ لیا۔ فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم ودیگر سیکشنز کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانہ کے تعمیراتی و مرمتی کاموں کو مقررہ مدت میں پورا کرنے اور فرنٹ ڈیسک پر موصول درخواستوں پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔