• news

ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دینے کاحکم

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں نیو ائیر نائٹ کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔صوبہ بھر میں نیو ائیر  نائٹ کے موقع پر 21,413  افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے، نیو ائیر پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 2312 میٹل ڈٹیکٹرز اور ہزاروں سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال ہوں گے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں نیو ائیر پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 2373 افسران و اہلکار تعینات ہونگے ،271 میٹل ڈٹیکٹرز اور 236 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال ہوں گے۔گوجرانوالہ،راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی نیو ائیر سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائیں۔ نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں، تفریح کے نام پر کوئی خلاف قانون سرگرمی ناقابل قبول، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ نیو ائیر نائٹ پر شاہرات پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دیں جبکہ سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران مصروف شاہرات و مقامات پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کریں۔ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر فیملیز، خواتین اور بچوں کی جان و مال کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن