• news

کہیں ہلہ گلہ، کہیں دعائیں، آتشبازی سے نئے سال کا استقبال

لاہور؍ گوجرانوالہ؍ آکلینڈ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ انٹرنیشنل ڈیسک) گڈ بائے 2023ء۔ نئے سال 2024ء کا کہیں دعاؤں اور کہیں ہلہ گلہ سے استقبال کیا گیا۔کہیں پر شہنائیاں تو کہیں پر صف ماتم بچھا کر ’’2023‘‘ ہمیشہ کیلئے الوداع ہو گیا۔ منچلے نوجوانوں نے ہوائی فائرنگ اور خوب ہلہ گلہ کرکے ’’2024‘‘ کو ویلکم کیا۔ منچلے نوجوانوں نے نئے سال کے آغاز کے سلسلہ میں تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے رکھی تھی۔ رات 12بجنے کے بعد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار نوجوان سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالنے کے ساتھ ویلکم ویلکم 2024کے نعرے لگا کر خوب ہلہ گلہ کیا۔ نئے سال کے آغاز پر شہر بھر میں ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی رہی۔ ادھر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ منچلے نوجوانوں نے نیو ائیر نائٹ کو انجوائے کرنے کیلئے باربی کیو پارٹیاں اور رنگین محفلیں بھی سجا رکھیں تھیں۔ ان پارٹیوں کے حوالے سے انہوں نے باقاعدہ طور پر دوستوں کو مدعو کر رکھا تھا۔ لاہور میں شدید سردی اور دھند کے باوجود گزشتہ رات 12بجتے ہی سال نو 2024 کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد اور منچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نکل آئے۔ اس صورتحال میں پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متعدد منچلوں کی گرفتاریاں عمل لائی گئیں۔ مختلف علاقوں میں فارم ہاؤسز،ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں شراب و ڈانس پارٹیاں  ہوئیں۔ پوش علاقوں ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن، شادمان، گلبرگ، بحریہ ٹاؤن، رائیونڈ، کینٹ اور نجی سوسائٹیز میں پرائیویٹ طور پر محفلیں سجائی گئیں جبکہ اندورن شہر میں شہری بار بی کیو، کھابوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ مختلف علاقوں میں بیرئیر لگا کر راستے بند کرنے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور لوگ ٹریفک میں پھنسے رہے۔ پولیس ہوائی فائرنگ اور آتشبازی پر پابندی پر عملدرآمد کرنے میں ناکام و بے بس نظر آئی۔ دنیا بھر میں آج مختلف اوقات میں سال نو کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور سب سے پہلے یہ مرحلہ نیوزی لینڈ میں آیا۔ نیوزی لینڈ میں شاندار آتش بازی سے سال نو کا استقبال کیا گیا۔ آکلینڈ کے معروف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ موسیقی اور رنگا رنگ تقاریب منعقد کی گئیں۔ آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر سال نو منانے والوں کا جم غفیر موجود تھا۔ سب نے مل کر کائونٹ ڈائون کیا اور جیسے ہی تاریخ تبدیل ہوئی سکائی ٹاور جگمگا اٹھا۔ سال نو کا باقاعدہ آغاز نیوزی لینڈ اور پھر چند لمحوں بعد آسٹریلیا سے ہوا۔ سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کی گئی۔ لندن، نیویارک کے ٹائمز سکوائر، ہانگ کانگ کے وکٹوریا ہاربر، تھائی لینڈ کے شاپنگ سینٹر آئیکون سیام سمیت درجنوں مقامات پر سال نو کا آغاز کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات، مراکش اور پاکستان سمیت کئی اسلامی ممالک نے سال نو کی تقریبات فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجاً منسوخ کردیں۔ ویسے تو دنیا میں سب سے پہلے 2024 کا آغاز وسطی بحرالکاہل کے جزائر ٹونگا اور کیریباتی میں ہوا لیکن یہاں انسانی آبادی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ اس لیے کوئی تقریب منعقد نہیں ہوتی۔

ای پیپر-دی نیشن