لاہور چریا گھر کا دورہ، جناح ہسپتال نئی ایمرجنسی کا افتتاح
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محسن نقوی نے وفاقی وزیر گوہر اعجاز کے ساتھ جناح ہسپتال کی 150 بیڈز پر مشتمل نئی ایمرجنسی کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے نئی فراہم کردہ جدید طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس منصوبے کو مکمل کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایمرجنسی بلاک کو انفیکشن فری کرنے کیلئے پہلی مرتبہ اینٹی بکٹیریل پینٹ کا استعمال کیا گیا۔ ایمرجنسی بلاک کے آپریشن تھیٹرز میں پہلی مرتبہ انفیکشن فری ٹائلز نصب کی گئی ہیں۔ محسن نقوی نے بعد میڈیا سے گفتگو میںکہاکہ پنجاب کے 5بڑے ہسپتال اپ گریڈیشن کے بعد 4،5 دن میں کھول دئیے جائیں گے۔ چلڈرن ہسپتال ملتان، نشتر ٹو، پی آئی سی لاہور اور میوہسپتال کی ایمرجنسی فنکشنل کی جارہی ہے۔ ڈی جی خان کارڈیالوجی ہسپتال پرانا پراجیکٹ تھا جسے شب و روز محنت سے تقریباً مکمل کرلیا ہے۔ انڈس ہسپتال کو کینسر ہسپتال بنانے کے لئے پنجاب حکومت کو عطیہ کیا جارہا ہے۔ پنجاب حکومت کو عطیہ کئے جانے والا انڈس ہسپتال کی لاگت اس وقت 60 سے70 ارب روپے سے کم نہیں ہے۔ انڈس ہسپتال میں پنجاب کا پہلا مکمل کینسر ہسپتال بننے جارہا ہے جس پر مریضوں کا بہت پریشر ہوگا۔ کینسر ہسپتال میں بہترین اور مکمل طورپر مفت علاج کیا جائے گا۔ ابھی تک پنجاب حکومت کے زیر انتظام کوئی کینسر ہسپتال نہیں ہے۔ 104بڑی سڑکیں، 100ہسپتال، ایکسپریس وے، مین ہائی ویز اور درجنوں دیگر پراجیکٹس 31جنوری تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ ایمرجنسی میں دوائیوں کی کوئی قلت نہیں، شکایت ہوتی ہے تو سخت سے سخت ایکشن لیا جاتا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور چڑیا گھر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اور لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائز ہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے چڑیا گھر میں پرانی تعمیرات نہ گرانے پر ناراضی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ پرانی تعمیرات کو جلد مسمار کیا جائے اور کاموں کو مزید تیز کیا جائے۔ محسن نقوی نے استفسار کیا کہ اتنا انتظار کس بات کا؟۔ پرانی تعمیرات کوبر وقت مسمار کیوں نہیں کیاگیا؟۔ اب انتظار کئے بغیر پرانے سٹرکچرز کوگرایا جائے اور مزید تاخیر نہ کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی ٹیم کو بھی چڑیا گھر طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چڑیا گھر مکمل طور پر نیا اور منفرد نظر آنا چاہیے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نی شہریوں خصوصاً بچوں کی تفریح کے لئے نئے جانور لانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ چڑیا گھر میں زیر تعمیر پل کا معائنہ کیا۔ سانپ گھر، زرافہ ہاؤس، شیر گھر، ہاتھی گھر، مچھلی گھر کا جائزہ لیا اور اپ گریڈیشن پروگرام کے تحت جانوروں کے پنجروں کو کشادہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے شیروں اور دیگر جانوروں کی خوراک اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چڑیا گھر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ محسن نقوی نے سال نو 2024ء کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنجز سے زیادہ بلند ہمارا عزم ہے، یقین ہے کہ2024ء پاکستانی قوم کے لئے امید کی کرن لائے گا۔ جذبے، عزم اور محنت سے ہر کام ممکن ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ 2023ء میں پوری کوشش کی کہ عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لائی جائے۔ پاکستان نے ترقی کا سفر شروع کردیا ہے اور اب یہ رکنے والا نہیں اور پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔