• news

گٖڈو تھرمل پاور میں فنی خرابی، آتشزدگی، سندھ، پنجاب، بلوچستان کے کئی شہروں میں بجلی بند

کراچی+ لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) گڈوتھرمل پاور ہائی ٹرانسمیشن کے سوئچ یارڈ میں فنی خرابی کے باعث آگ لگ گئی جس سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بجلی معطل ہو گئی۔ گڈو تھرمل پاور ہاؤس حکام کے مطابق 500 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں دھماکہ ہوا تھا فنی خرابی شدید دھند کے باعث پیش آئی۔ حکام نے بتایا کہ آگ پر فوری قابو پا لیا گیا ہے تاہم آگ لگنے سے پانچ سو کے وی کی تین لائنیں ٹرپ کر گئی ہیں۔ آخری اطلاعات تک گرڈ سٹیشن میں مرمتی کام جاری تھا۔ حکام کے مطابق ملتان، راجن پور، بہاولپور کے چند علاقوں میں بجلی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دوسری طرف بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث آئیسکو ریجن میں 6 سے 8 گھنٹے کے لوڈ مینجمنٹ شیڈول پر عمل کیا جارہا ہے۔ آئیسکو کے ترجمان کے مطابق بجلی کی نارمل سپلائی بحال ہوتے ہی لوڈ مینجمنٹ ختم کر دی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن