ڈی آئی خان: فضل الرحمن کے قافلے کے قریب فائرنگ، چیک پوسٹ پر حملہ ہوا، پولیس
ڈی آئی جی خان؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے قافلے کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے قافلے پر انٹرچینج پر فائرنگ کی گئی۔ دو اطراف سے فائرنگ کی گئی۔ ترجمان اسلم غوری نے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فائرنگ کے وقت مولانا فضل الرحمن گھر پر تھے۔ مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عبیدالرحمن نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ فضل الرحمن کی گاڑی پارک انٹرچینج کے قریب پٹرول بھروانے کیلئے رکی تھی۔ فائرنگ مولانا فضل الرحمن کی گاڑی پر نہیں ہوئی۔ آر پی او کے مطابق مولانا فضل الرحمن محفوظ ہیں۔ فائرنگ پارک انٹر چینج پلازہ پر ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن کی گاڑی پٹرول بھروانے کیلئے رکی تھی۔ فائرنگ مولانا فضل الرحمن پر نہیں ہوئی۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ آر پی او ناصر محمود کا کہنا ہے کہ پارک انٹرچینج کی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔ پولیس نے حملہ آوروں کا بھرپور جواب دیا جو فرار ہو گئے۔ مولانا فضل الرحمان خود وہاں موجود نہیں تھے۔ سیکرٹری داخلہ نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے قافلے کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ سیکرٹری داخلہ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ شرپسند عناصر کو ملک میں افراتفری اور فساد پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتخابی مہم کے دوران سیاسی سرگرمیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ امن و امان اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی حملے کی مذمت کی۔ بیان میں کہا حکومت اطلاع دیتی، تدارک نہیں کرتی۔ دہشتگردوں کے حلیئے اور نام بتا دیئے جاتے ہیں۔ کارکن شکرانے کے نوافل ادا کریں۔ جلد مشاورت سے لائحہ عمل طے کریں گے۔ واقعہ ریاست کیلئے سوالیہ نشان ہے۔