• news

فضل الرحمن کو نشانہ بنانے کا مقصد انتخابی عمل متاثر کرنے کی سازش: شہباز شریف

اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھی حملے میں محفوظ رہے۔ سابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ غیرملکی اسلحہ سے لیس پاکستان دشمن عناصر عوامی قائدین کو نشانہ بنا کر دہشت پھیلانا چاہتے ہیں۔ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر پاکستان کے دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی۔ قوم اپنے اتحاد کی قوت اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ مولانا فضل الرحمان کو نشانہ بنانے کا مقصد پاکستان میں انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔ دہشت گرد پاکستان اور پاکستانیوں کے دشمن ہیں، قوم کو مل کر اس دشمن کو مٹانا ہوگا۔  سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے مولانا فضل الرحمن پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمن حملے میں محفوظ رہے۔ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مولانا فضل الرحمان پر حملہ ملک دشمن عناصر کی  بزدلانہ کارروائی ہے۔ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کر کے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن