امیدواروںکی ابتدائی فہرست جاری، کاغذات منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں آج سے دائر ہوں گی
اسلام آباد( وقائع نگار ) ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، ریٹرننگ افسران کی جانب سے جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئیں۔ آئندہ عام انتخابات 2024 کے لئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیںآج سے دائر کرنے کا مرحلہ شروع ہو گا جو 3 جنوری تک جاری رہے گی۔اپیلوں پر فیصلوں کے لئے 24 اپیلٹ ٹربیونلز قائم کردیئے گئے ہیں، جو 10 جنوری تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 25 سے 30 دسمبر تک ریٹرنگ افسران کی جانب سے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکیں گی۔ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک ہوگی، ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 16 جنوری تک جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ19 جنوری کو ہوگا۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 20 جنوری کو جبکہ کاغذات نامزدگی 22 جنوری کو واپس لئے جاسکیں گے۔ امیدواروں کی فہرست 23 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ جنرل نشستوں پر امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہوگی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔