غیر جانبدارانہ انتخابات ہی ملکی مفاد میں ہوں گے: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مکمل غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات ہی ملکی مفاد میں ہوں گے۔ قوم کو اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع دینے ہوں گے۔ اگر جانبداری کا تاثر ختم نہ ہوا تو یہ بہت بڑا المیہ ہوگا جس سے ملکی یکجہتی اور قومی وحدت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں اتحاد امت اور امن و سلامتی کے داعی تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ علامہ زبیر احمد عابد، مولانا شعیب الرحمن قاسمی، مفتی عاشق حسین قادری، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اور قاری خالد محمود نے بھی خطاب کیا۔ ان تمام جید علماء نے قومی اسمبلی حلقہ NA- 128 سے چوہدری محمد زاہد، NA-119سے پروفیسر عدنان فیصل ایڈووکیٹ ،PP-170سے میاں احسان الٰہی اور PP-163 سے حافظ میاں محمد اصغر کی بھرپور حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔