• news

حکمران اشرافیہ کا احتساب کسی عدالت نے کیا نہ نیب نے، عوام کریں گے: سراج الحق 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تبدیلی کے دعویداروں نے تباہ کیا ہے۔ حکمران اشرافیہ کا احتساب کوئی عدالت کر سکی نہ نیب، اب عوام ان کا احتساب کریں گے۔ ملک میں 13.6 ارب روپے روزانہ کرپشن ہو رہی ہے، حکمران ٹولہ کے پاناما لیکس، پنڈورا پیپرز میں نام آئے، یہ توشہ خانہ لوٹنے والے ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں۔ عوام 8 فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کرا کے ملک کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ عوام کے پاس ووٹ کی طاقت سے ملک کی تقدیر بدلنے کا موقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر تیمر گرہ میں جماعت اسلامی کے امیدوار قومی اسمبلی این اے 7 مولانا محمد اسماعیل کے انتخابی دفتر کے افتتاح، اپنے حلقہ انتخاب این اے 6 میں ووٹرز سے گفتگو اور  تاجروں، شہریوں اور مسیحی برادری کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع لوئر دیر اعزاز الملک افکاری و دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ہے 76 سالوں سے اس ملک پر 35 جرنیلوں نے حکومت کی اور اس کے علاوہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی نے حکومت کی ان تمام لوگوں نے مل کر پاکستان پر سٹیٹس کو کو برقرار رکھا ہے۔ انہی پارٹیوں نے اس ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنے کی بجائے تباہ کیا بلکہ مزید قرضہ لے کر پاکستان کے ہر بچے کو قرض کی زنجیروں اور آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی رسیوں سے باندھ دیا ہے۔ ان پارٹیوں نے سودی نظام مسلط کیا۔

ای پیپر-دی نیشن