• news

سپریم کورٹ نے مجھے صادق و امین قرار دیا تھا:شیخ رشید  

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے صرف بانی پی ٹی آئی کو صادق و امین نہیں کہا تھا بلکہ مجھے بھی ڈکلیئر کیا تھا۔میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر ردعمل میں کہا کہ ایک منی لانڈرر اور کرپٹ کی تاج پوشی کیلیے قانون کا جنازہ نکالا گیا، تاج پوشی، چور ڈاکو اور قانون توڑ کر بائیو میٹرک بھی ایئرپورٹ پر کی گئی۔شیخ رشید نے کہا کہ ایک ایسا شخص جو 16 بار وزیر رہا اس پر الزام لگایا گیا کہ مری کا ریسٹ ہاؤس استعمال کیا، میں خانہ کعبہ گیا ہوں جھوٹ نہیں بولتا ریسٹ ہاؤس نہیں گیا۔انہوں نے کہا کہ جو 6 بار وزیر رہا ہو اس کی توہین ہے 6 ہزار کا الزام لگا کر نااہل قرار دیں، ٹی وی پر سنا نااہل ہوگیا ہوں لیکن آر او نے ابھی تک کاپی نہیں دی، اب تک آر او نے مجھے کوئی کاپی نہیں دی کہ میں اہل ہوں یا نااہل۔ان کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 56 اور 57 سے قلم دوات کی جیت ہوگی، کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے حوالے سے کل عدالت سے رجوع کریں گے، پی ڈی ایم کے خلاف الیکشن لڑیں گے اور چوروں کی کرپٹ حکومت کے خلاف میدان میں آئیں گے۔شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ لوگوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے کیونکہ ملک معاشی اور سیاسی لحاظ سے بیٹھ رہا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 40 دن چلے کے بعد اپیل کی تھی لوگوں کو عام معافی دے دو، میں نے 40 دن کا چلہ کاٹا لیکن کسی نے مجھ پر تشدد نہیں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن