حوثیوں کا ڈینش کمپنی کے جہاز پر حملہ، امریکی ہیلی کاپٹر کی جوابی فائرنگ، 10 باغی ہلاک
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) بحیرہ احمر میں یمن کے حوثی گروپ کی کشتیوں نے ڈینش (ڈنمارک) کمپنی کے جہاز پر حملہ کیا ہے۔ امریکی سینٹ کام (سینٹرل کمانڈ) کے مطابق جہاز کی مدد کے لیے آنے والے امریکی ہیلی کاپٹر پر بھی حوثیوں نے فائرنگ کی۔ امریکی ہیلی کاپٹر کی جوابی فائرنگ سے حوثی باغیوں کی تین کشتیاں ڈوب گئیں۔ امریکی سینٹ کام کے مطابق فائرنگ سے حوثی کشتیوں پر موجود عملہ ہلاک ہوگیا۔ حوثیوں کی چوتھی کشتی علاقے سے نکل گئی۔ امریکی سینٹ کام نے کہا کہ بحیرہ احمر میں 19 نومبر سے اب تک حوثیوں کا جہازوں پر یہ 23واں حملہ ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ڈنمارک کی کمپنی کا جہاز سنگاپور سے مصر کی بندرگاہ جا رہا تھا۔ ادھر یمنی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے بحیرہ احمر میں حوثی گروپ کی کشتیوں پر حملہ کیا ہے۔ امریکی حملے سے 10 حوثی جنگجو جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔