پاکستان کیلئے قسط کی منظوری‘ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس 11 جنوری کو طلب
اسلام آباد‘ کراچی (نمائندہ خصوصی+ کامرس رپورٹر) پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کا جائزہ لینے کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 11 جنوری کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے اجلاس سے پہلے پاکستان نے کم و بیش تمام شرائط کو پورا کر دیا ہے۔ ششماہی ریونیو ہدف بھی حاصل کر لیا ہے۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کے لیے دوسری قسط کی منظوری کا جائزہ لے گا۔ آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کی صورت میں پاکستان کو 70 کروڑ ڈالرز کی قسط ملے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے انتہائی اہم 9 ماہ کے معاہدے کی منظوری دی تھی تاکہ پاکستان کے معاشی استحکام کے پروگرام کو مدد فراہم کی جاسکے۔ اس منظوری نے فوری طور پر 1.2 ارب ڈالر جاری کرنے کی اجازت دی تھی۔ آئی ایم ایف عملے اور پاکستانی وفد کے درمیان 15 نومبر 2023 کو اسلام آباد میں سٹاف لیول معاہدہ ہوا تھا۔ اس پیش رفت سے پاکستان کو سپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کے تحت تقریباً 70 کروڑ ڈالر تک کی رسائی حاصل ہوجائے گی۔ اس سے 9 ماہ کے 3 ارب ڈالر سٹینڈ بائی معاہدے کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.9 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔