• news

پاکستان، بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات، قیدیوں کی فہرست کا 33واں تبادلہ

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوگیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دوسرے کے ہاں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ یہ تبادلہ بیک وقت اسلام آباد اور نئی دہلی کے ہائی کمشنز کے ذریعہ کیا گیا۔ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ21 مئی 2008 کے پاک بھارت قونصلر رسائی معاہدے کے تحت ہر سال ہوتا ہے۔ ہر برس یکم جنوری اور یکم جولائی کو پاک بھارت قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا بھی تبادلہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق یہ پاکستان اور بھارت جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا 33 واں تبادلہ ہے۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے 231 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمشن کو دی گئی ہے جبکہ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشن دلی کو 418 پاکستانی قیدیوں کی فہرست دی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی قیدیوں میں 47 عام شہری، 184 ماہی گیر شامل ہیں جبکہ بھارت میں قید پاکستانیوں میں 337 عام شری اور 81 ماہی گیر شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ سزا مکمل کرنے والے پاکستانیوں کو فوری رہا کرے۔

ای پیپر-دی نیشن