• news

پاکستان‘ چین تعلقات سدا بہار‘ سی پیک سے نئے دور میں داخل: مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی صرف نعروں تک محدود نہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کا مستقبل نہایت روشن ہے، صدر شی کے عالمگیر ترقی کے نظریہ کی دنیا معترف ہے، صدر شی نے ہمیشہ انسانیت کے لازوال اصولوں کو فروغ دیا۔ پیر کو نئے سال کے آغاز پر چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کو اپنے خصوصی انٹرویو میں عوامی جمہوریہ چین کے عوام کو نئے سال کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ سدا بہار رہے ہیں، کوئی بھی حکومت یا موسم ہو، چین پاکستان کے تعلقات میں ہمیشہ بہار رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا آغاز ہوا پاکستان اور چین کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی ترقی کا نظریہ کسی جزیرے کی ترقی نہیں بلکہ ایک عالمگیریت پر مبنی نظریہ ہے کہ کوئی ملک باقی دنیا سے الگ رہ کر ترقی نہیں کر سکتا، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر شی جن پنگ اور عوامی جمہوریہ چین کا نظریہ دنیا کے بہت سے ممالک نے قبول کیا ہے، افریقہ کے بہت سے ممالک کے ساتھ چین کا تعاون جاری ہے، ہمارے خطے جنوب مشرقی ایشیا میں بھی عالمگیریت پر مبنی ترقی کا یہ نظریہ فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے درمیان تعاون کے نتیجے میں ہمارے پروفیشنلز چین گئے تو وہ خوشگوار تجربات اپنے ساتھ لائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن