• news

ایک خاندان کے 10افراد سمیت 100فلسطینی شہید: سال نو پر 30ممالک میں اسرائیل مخالف بڑے مظاہرے

غزہ‘ استنبول (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) غزہ میں نئے سال کے آغاز پر اسرائیل کے حملوں میں مزید شدت آگئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ کے وسط میں واقع المغازی اور البریج کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک ہی گھر کے 10 افراد سمیت مزید 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے غزہ شہر کے نواحی علاقے المغراقہ گاؤں پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 افراد جبکہ خان یونس میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔ دوسری جانب مزاحمت پسند تنظیم حماس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹ برسائے جس کے بعد ان علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔ غزہ کے علاقے زیتون میں اسرائیلی طیارے رات بھر عام شہریوں کو نشانہ بناتے رہے۔ مغازی کیمپ میں رہائشی عمارتوں کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔ نصیرت کیمپ میں بھی گھروں پر بمباری میں 35 افراد شہید ہوئے۔ الاقصیٰ یونیورسٹی میں پناہ گزین کیمپ میں 20 فلسطینی شہید ہوئے۔ ادھر القسام بریگیڈز نے تل ابیب اور اس کے مضافات کی جانب M 90 متعدد راکٹ داغ دیئے۔ سال نو پر سوئٹزرلینڈ‘ ترکیہ‘ ملائیشیا‘ آسٹریلیا‘ تنزانیہ‘ میکسیکو اور جرمنی سمیت دنیا بھر کے 30 سے زائد ممالک میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ بغداد کے تحریر سکوائر میں کرسمس ٹری کو کفن سے سجایا گیا۔ استنبول میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ حماس ترجمان نے کہا اسرائیلی وزیر کا 20 لاکھ فلسطینیوں کو بیدخل کرنے کا بیان نفرت انگیز اور جنگی جرم ہے۔ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی ٹینک کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ خان یونس میں ایک گھر میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ خان یونس میں اینٹی پرسنل میزائلوں سے فوجیوں پر حملے کئے۔ خان یونس کی ایک سرنگ میں اسرائیلی فوجی بوبی ٹریپ کی زد میں آگئے۔ غزہ شہر میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو شیلنگ سے تباہ کیا۔ حماس کا مذاکراتی وفد مصری دارالحکومت قاہرہ پہنچ گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق حماس کا وفد مصر کے جنگ بندی کے فارمولے پر بات چیت کرے گا۔ مذاکرات میں جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی بات چیت ہو گی۔ مذاکرات میں مستقل جنگ بندی کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش ہو گی۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور مغویوں کی رہائی پر مصر میں مذاکرات ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس نے غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء کا مطالبہ کیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دہری شہریت کے حامل 284 فلسطینیوں کا غزہ سے انخلا کرایا ہے۔ غزہ سے آنے والے فلسطینیوں کے پاس قطر اور پڑوسی ممالک کی شہریت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن