لیول پلیئنگ فیلڈ، پی ٹی آئی وکیل کو تاخیر ،سپریم کورٹ بنچ چلا گیا
اسلام آباد ( وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ) تحریکِ انصاف کو انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں پی ٹی آئی کے وکیل آج دیئے گئے وقت پر پیش نہ ہوئے۔ عدالتِ عظمیٰ کا بینچ اٹھ کر چلا گیا۔ آج پی ٹی آئی کے وکیل کمرہ عدالت میں چیف جسٹس پاکستان کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل کو وقفے کے بعد ساڑھے 11 بجے سننے کا کہا تھا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی وکلا سے ملاقات کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی، وقفے کے بعد پی ٹی آئی کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے، جبکہ کیسز مکمل ہونے پر عدالتِ عظمیٰ کا بینچ اٹھ کر چلا گیا۔ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہماری سپریم کورٹ کے رجسٹرار سے ملاقات ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ رجسٹرار نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے دعویٰ کیا ہے کہ آج یا کل ہماری درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرنے ہونے انہوں نے کہا کہ اللہ کرے عدلیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ، ایسے الیکشن کروانا ہین تو نام ڈکلئیرکر دیں کہ کون وزیر اعظم اور کون وزیر اعلی ہوگا۔ جو ہو رہا ہے وہ جمہوریت نہیں تماشا ہے، مثبت کردار ادا نہ کیا تو ساری خرابی کی وجہ عدلیہ ہو گی ، چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ ہمیں سنیں، ریٹرننگ افیسر نے کہا آپ کے کاغذات ٹھیک ہیں رات کو تمام کاغذات مسترد کر دیئے گئے۔90 فیصد شہریوں کو حق رائے دہی سے دور رکھا جا رہا ہے۔